ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پاپولر فرنٹ پر سنگین الزام،مزید گرفتاریاں۔ میرٹھ اور بنارس سے6 افراد زیر حراست

پاپولر فرنٹ پر سنگین الزام،مزید گرفتاریاں۔ میرٹھ اور بنارس سے6 افراد زیر حراست

Sun, 25 Sep 2022 11:43:00    S.O. News Service

لکھنؤ، 25؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) پاپولر فرنٹ آف انڈیا(پی ایف  آئی ) کے خلاف شکنجہ کستے ہوئے جمعرات کو ملک گیر چھاپوں کے دوران گرفتار کئے گئے افراد کا ریمانڈ حاصل کرنے کیلئے داخل کی گئی درخواستوں  میں  این آئی اے نے سنگین الزامات عائد کئے  ہیں ۔   این آئی اے کا دعویٰ ہے کہ پی ایف آئی، نوجوانوں کو  داعش اور لشکر جیسی دہشت گرد تنظیموں میں شمولیت کیلئے آمادہ کرتی  ہے۔ یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ پی ایف آئی کی ہٹ لسٹ میں  وزیر اعظم  مودی سمیت کئی اہم لیڈر تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پی ایف آئی ان  تمام الزامات کو پہلے ہی خارج کرچکی ہے تاہم اب اسے کورٹ میں انہیں جھوٹا ثابت کرنا ہوگا۔

سنیچر کو پھر کارروائی کرتے ہوئے یوپی اے ٹی ایس  نے۶؍ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اس نے ان گرفتاریوں  کےساتھ ہی چیزیں ضبط کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ اس کے مطابق اس میں ’’قابل اعتراض‘‘ لٹریچر بھی شامل ہے۔  جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب یوپی اے ٹی ایس نے میرٹھ سے ۴؍ افراد کو  اور بنارس سے ۲؍ افراد کو حراست میں لیا ہے۔ میرٹھ سےشاملی  کے رہنے والے محمد شاداب عزیز قاسمی  اور مولانا ساجد کو جبکہ غازی آباد کے مفتی شہزاد اور مظفرنگر کے محمد اسلام قاسمی کو گرفتار کیاگیاہے۔

ان کے خلاف مجرمانہ سازش سے متعلق  تعزیرات ہند کی  دفعہ ۱۲۰(بی)  اور ۱۲۱ (اے)  ، فرقہ وارانہ منافرت پھیلانےسے متعلق دفعات  ۱۵۳(اے اور ۲۹۵(اے) اور دفعہ ۱۰۹؍ نیز ۵۰۵(۲) کے ساتھ ہی ساتھ دہشت گردی مخالف قانون  ’ یو اے پی اے  ‘کے سیکشن ۱۳(۱) (بی)  کے تحت کیس درج کیاگیاہے۔  بنارس سےرضوان احمد اور محمد شاہد کو گرفتار کیاگیا ہے۔  اے ٹی ایس کا دعویٰ ہے کہ انہیں قزاق پورہ  ریلوے کراسنگ کے  پُل سے حراست میں  لیا گیا ہے۔


Share: